اسلام آباد (خبرنگار) اعلیٰ عدلیہ میں ججزکی تعیناتی کیلئے قائم جوڈیشل کمیشن نے بلوچستان ہائیکورٹ کورٹ کے سینئر جج جسٹس جمال خان مندوخیل کو بلوچستان ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کرنے کی سفارش کی ہے ۔ منگل کو عدالت عظمیٰ میں ہونے والے کمیشن کے اجلاس کی صدارت چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کی۔ اجلاس میں وفاقی شرعی عدالت کے عالم جج کے نام پر بھی غور کیا گیا، جسٹس (ر) فدامحمد خان کودوسری بار شریعت کورٹ کا عالم جج مقرر کرنے کی سفارش کی گئی۔یاد رہے کہ موجودہ چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس طاہرہ صفدر 4 اکتوبر کو عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گی ،جسٹس طاہرہ صفدر سنگین غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی بنچ کی سربراہ بھی ہیں،جوڈیشل کمیشن نے دونوں ججزکے نام حتمی منظوری کیلئے پارلیمانی کمیٹی کو بھیج دیئے ہیں، جو ناموں پر غور کے بعد وزیر اعظم آفس کے توسط سے نام صدر مملکت کو بھجوائے گی، صدر کی منظوری کے بعد ان فاضل ججز کی تقرری کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کیاجائے گا۔