لاہور (پ ر ) تحریک انصاف کے سینئر مرکز ی رہنما اعجازاحمد چوہدری نے عمران خان کے وزیراعظم بننے پر پارٹی کارکنان اور پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہو ئے کہاکہ عمران خان کا وزیر اعظم بننا قوم کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ، ساری قوم کو ایک عظیم ، شاندار اور بہترین وزیر اعظم مبارک ہو جسے چاروں صوبوں کی عوام نے اپنے ووٹوں کی طاقت سے منتخب کیا ہے ۔آج 22برسوں کے بعد عمران خان آخر کار سرخرو ہوئے ہیں اور اُس منزل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے جہاں اُن کے سیاسی مخالفین اُن کے راستے میں بے شمار رکاوٹیں کھڑی کرتے رہے ہیں۔ پی ٹی آئی نے ملک کی سیاسی تاریخ میں نئی مثال رقم کی ہے کہ اگر قائد عمران خان جیسا ہو تو سیاسی جدوجہد رنگ لاتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں جمہوری تسلسل ہی ترقی و خوشحالی کی علامت ہے ۔اقتدار کی منتقلی سے ملک دشمن عناصر کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے ۔تحریک انصاف حکومت دن رات ایک کر کے قوم کو درپیش مسائل سے نکالے گی،پاکستان کو اس وقت سب سے بڑا مسئلہ ڈوبتی ہوئی معاشی صورتحال سے ہے ، پاکستانی روپیہ کی قدر مسلسل کم ہو رہی ہے اس کیلئے حکومت ٹھوس اور مضبوط اقدامات اٹھانے ہونگے ۔