سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ جموں و کشمیر میں یوم آزادی پاکستان روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ یوم آزادی پاکستان کی تقریبات روکنے کے لیے بھارتی فورسز نے لاک ڈائون کی پابندیاں سخت کر دیں، اس کے باوجود کشمیری عوام نے اس دفعہ 14 اگست کو یومِ تشکر کے طور پر منا یا۔ اس موقع پر مختلف علاقوں میں کشمیری عوام نے پاکستانی جھنڈے گھروں میں تیار کیے اور اپنی چھتوں پر لہرائے ۔ کشمیریوں کا کہنا تھا پاکستان کے ساتھ ان کا رشتہ لازوال ہے ، مقبوضہ کشمیر میں جمعہ کویوم آزادی یوم تشکر کے طورپر پورے جوش و جذبے اورعقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا جبکہ آج بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا۔اس دن کو منانے کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس نے کی اور مختلف حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے اس کی حمایت کی ۔مقبوضہ کشمیر کے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے پاکستان کے یوم آزادی پر پاکستانی عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد کا پیغام دیا ۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ دعا ہے اسلام کا قلعہ پاکستان تمام سازشوں کو شکست دے کر درپیش چیلنجز سے مضبوطی سے نمٹنے میں کامیاب ہو، پاکستان ہمیشہ دنیا بھر میں مظالم کا شکار مسلمانوں کی طاقت اور امید کا مرکز بنا رہے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں ایک بیان میں لوگوں پر زوردیا کہ وہ آج مکمل ہڑتال کرکے بھارت کے یوم آزادی کویوم سیاہ کے طورپر منانے کی روایت برقرار رکھیں۔