اسلام آباد ،لاہور،مردان (خبر نگار خصوصی،92 نیوز رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پینڈورا پیپرز پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے جن حکومتی وزرا اور مشیران کے نام پنڈورا پیپرز میں آئے ہیں، وہ فوری مستعفی ہوجائیں، بصورت دیگر انہیں برطرف کیا جائے ۔ تحقیقات میں سرکاری اثرورسوخ سے بچنے اور شفافیت کیلئے ضروری ہے جن سرکاری ملازمین کے نام شامل ہیں انہیں بھی عہدوں سے ہٹایا جائے ۔کرپشن پر سب کا یکساں احتساب ہوتا تو قوم کو عالمی سطح پر باربار شرمندگی کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ سلیکٹو احتساب سے ابتک خرابی ہوئی ہے ، جن کا احتساب ہونا چاہیے تھا، وہ مافیا ملکی سیاست و حکومت پر قابض ہے ۔جماعت اسلامی کے زیر اہتمام حریت رہنما سید علی گیلانی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھاکشمیر کی آزادی اور کشمیر کاز کو چھوڑنا پاکستان کے نظریہ کیساتھ غداری ہے ،کشمیر کی آزادی کا کئی بار موقع آیا جسے ہمارے حکمرانوں نے ضائع کردیا، افغانستان دنیا کی سب سے بڑی فوج کو شکست دے سکتا ہے تو کشمیر میں کیا رکاوٹ ہے ،کشمیر کیلئے سیاسی اور سفارتی کیساتھ عسکری جدوجہد بھی کرنا چاہئے ،پاکستان کو بچانا ہے تو مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے فیصلہ کن معرکہ لڑنا ہوگا۔ مردان میں تقریب سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاحکومتی پالیسیوں نے ملک کو بحرانوں کی آماجگاہ بنا دیا ، مہنگائی، بیروزگاری، کرپشن عروج پر ہے جبکہ مافیاز کو کھلی چھٹی ہے ، عوام کی مشکلات،آزمائشیں ٹاپ جبکہ ملک مجموعی طور پر ریورس گئیر میں ہے ،پاکستان پہلے خود افغانستان کی حکومت کو تسلیم کرے اور پھر او آئی سی اجلاس بلا کر تمام ممالک مشترکہ طور پر طالبان کی حکومت تسلیم کریں۔