اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان 30برس بعد اقتدار سے باہر ہوئے ، ہمیںان کے درد کا احساس ہے ، وہ اقتدار سے باہر رہ اس طرحتڑپ رہے ہیںجیسے مچھلی پانی سے باہر رہ کر تڑپتی ہے ، اپوزیشن کی دکانداری بند ہونے جا رہی ہے ،وہ اپنا چورن بیچنے کیلئے مہنگائی کا رونا رو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ایجوکیشن ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ جب تک آپ ذاتی مفاد سے باہر نہیں نکلیں گے ، ملکی مفاد اور عوامی مفاد کی جھلک عمل میں نظر نہیں آئیگی ،صرف الفاظ کا سہارا لے کر عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے ، اپوزیشن کو معلوم ہے اس بجٹ کے بعد پاکستان کی معیشت مستحکم اور ان کی سیاست ختم ہونی ہے ۔ انہوںنے کہا اپوزیشن کی سانسیں اکھڑی ہوئی ہیں، دونوں نومولود سیاستدانوں کا بیانیہ ان کی اپنی جماعتیں مسترد کر چکی ہیں ، جن کی آواز اپنی جماعتوں میں نہیں سنی جاتی ان کی عوام کیسے سنیں گے ؟ ۔ حکومت اپنا کام کریگی ہمیں نہ کسی ڈھال سے نہ چال سے اور نہ کسی کے ذاتی عمل سے دلچسپی ہے ، ہم عوام کو جوابدہ ہیں اور عوام کی عدالت میں سرخرو ہونگے ،عوام سمجھتے ہیں کہ روایتی سیاستدانوں نے ملک کا بیڑہ غرق کیا ،یہ تحریک ان کے سینوں میں ہی دم توڑ جائے گی ۔معاون خصوصی نے مزید کہا تعلیمی اصلاحات کا ایجنڈا حکومت کی اولین ترجیح ہے ، کچھ تجاویز کابینہ میں آئیں اور صوبوں کی مشاورت سے پالیسی بن رہی ہے ،جلد یکساں نصاب کے حوالہ سے جامع پالیسی کا اعلان کرینگے ۔دریںاثنائفردوس عاشق نے ٹویٹکیا کہ کاروبار آسان بنانے کیلئے جدید اقدامات کا پروگرام نئے پاکستان کی طرف ایک اور ٹھوس قدم ہے ۔