اسلام آباد(اظہر جتوئی)آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے قومی خزانے سے لوٹی گئی کھربوں کی رقم میں سے 5 ارب روپے کی ریکوری کر لی، دیگر رقم کے حصول کیلئے بھی کارروائیاں مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ، آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے ذرائع کے مطابق موجودہ مالی سال 2021-2020 کے پہلے دو ماہ جولائی اور اگست کے دوران قومی خزانے کی لوٹی ہوئی 5 ارب سے زائد کی رقم قومی خزانے میں جمع کرائی گئی ہے ۔ وفاقی حکومت کے مختلف محکموں سے ماہ جولائی کے دوران ایک ارب 38 کروڑ 40 لاکھ روپے قومی خزانے میں جمع کرائے گئے ۔ان وفاقی اداروں میں مختلف وزارتیں،ریلوے ، آبی وسائل ،محکمہ توانائی ،سی پیک، موسمیاتی تبدیلی ، سوشل سیفٹی نیٹ وغیرہ شامل ہیں۔ صوبائی اور ضلعی حکومتوں سے آڈٹ کے دوران ظاہر ہونے والی بے ضا بطگیوں سے کل 24 کروڑ اور 40 لاکھ روپے خزانے میں جمع کرائے گئے ۔ پنجاب سے کی گئی وصولیاں 4 کروڑ80 لاکھ روپے ، سندھ سے 2 کروڑ 90 لاکھ ، خیبر پختونخواسے 60 لاکھ جبکہ بلوچستان سے وصو لیاں 10 کروڑ 80 لاکھ روپے ہیں ۔ اس حوالے سے رابطہ پر ترجمان آڈیٹر جنرل نے کہا کہ مزید ریکوری کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں،اس سلسلے میں اے جی پی اپنے ذیلی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ آڈٹ کے دوران کسی قسم کی سفارش کو قبول نہ کیا جائے اور بھر پور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے ۔