اٹلانٹا (نیٹ نیوز) امریکی شہر اٹلانٹا میں رنگا رنگ تقریب میں جنوبی افریقہ کی پہلی سیاہ فام دوشیزہ زوزی بینی ٹنزی نے ’’مس یونیورس‘‘ کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔وہ اپنے ملک کی پہلی سیاہ فام لڑکی ہیں جنہوں نے یہ اعزاز جیتا، قبل ازیں جنوبی افریقہ سے یہ ٹائٹل جیتنے والی تمام لڑکیاں سفید فام تھیں۔26 سالہ زوزی بینی ٹنزی ایک سماجی کارکن کی حیثیت سے جنسی تشدد کیخلاف سرگرم ہیں۔اس موقع پر اپنی تقریر میں انہوں نے نسلی امتیاز اور تفریق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ایسی دنیا میں بڑی ہوئیں جہاں انکے جیسی رنگت، انکے جیسے بالوں اور انکے جیسی جلد والی لڑکی کو خوبصورت تصور نہیں کیا جاتا تھا۔آج وقت آ گیا ہے کہ یہ سلسلہ ختم کر دیا جائے ۔ میں چاہتی ہوں کہ بچے مجھے دیکھیں، میرا چہرہ دیکھیں اور اس میں انہیں اپنا عکس نظر آئے ، میں چاہتی ہوں کہ آنیوالی نسل خوبصورتی کو مختلف زاویے سے دیکھے ۔