وانا،شیدانی شریف، شیخوپورہ،سیالکوٹ (صباح نیوز،نامہ نگار، ڈسٹرکٹ رپورٹرز) جنوبی وزیرستان اور خان بیلہ کے قریب خوفناک ٹریفک حادثوں میں 10 افراد جاں بحق اور 28سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ دیگر واقعات میں دو افراد مار گئے ۔ جنوبی وزیرستان میں مچن بابا کی زیارت سے واپسی پر لدھا کے علاقے میں زائرین کی پک اپ کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں اس میں سوار 20سے زائد افراد زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کو ہسپتا ل منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی گئی جہاں 5 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ۔ زائرین کا تعلق ممہ خیل سرائے نورنگ سے ہے ۔ خان بیلہ کے قریب قومی شاہرا ہ ظفر آباد کے مقام پر ہائی ایس وین خوفناک حادثے کاشکار ہو گئی جس کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر جاں بحق اور 4بچوں، 3 خواتین سمیت 13 افراد شدید زخمی ہو گئے ۔ حادثہ وین ڈرائیور کے موٹر سائیکل کو بچاتے ہوئے ٹائر پھٹنے کے بعد آنے والی شاہراہ پر ٹرالر سے ٹکرانے کے بعد کنٹینر وین کے اوپرالٹنے کے باعث پیش آیا ۔وین کاڈرائیور اور کلینر بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔ادھرشیخوپورہ میں موٹر وے انٹرچینج کے قریب مزدا کی ٹکر سے مویشیوں کو چیک کرتے ہوئے 30سالہ وارث ولد خوشی محمد جاں بحق ہو گیا ۔سیالکوٹ میں تیزرفتار ٹریکٹرٹرالی نے موٹر سائیکل کوٹکر مار دی جس کے نتیجے میں خاتون جاں بحق اور نوجوان زخمی ہوگیا۔