پشاور ( 92 نیوزرپورٹ) قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں گومل زام ڈیم سے بجلی کی پیداوار شروع ہو گئی ، ڈیم سے 17 میگاواٹ بجلی کی ترسیل جاری ہے جبکہ منصوبے کی پیداواری صلاحیت کو مزید بھی بڑھایا جا سکتا ہے ، ڈیم سے جہاں بجلی کی پیدوار میں اضافہ ہوا ہے وہاں اس سے 2 ہزار مربع کلومیٹر سے زائد بنجر زمینیں بھی سیراب ہو رہی ہیں،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے بعد اب جنوبی وزیرستان کے وہ علاقے بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گئے جہاں دہشتگردوں کی پناہ گاہیں ہوا کرتی تھیں، جنوبی وزرستان میں پاک فوج کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ،گومل زام ڈیم کے ایک ریزروائر سے 17 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے ، ڈیم کے ایک ریزروائر کی لمبائی 16 کلومیٹر ہے جبکہ اس ڈیم میں مزید ریزروائر بننے اور اضافی بجلی پیدا ہونے کی مزید گنجائش موجود ہے ،جنوبی وزیرستان کی زرخیز اراضی کو سیراب کرنے کے لئے گومل زام ڈیم کا منصوبہ مفید ثابت ہوا، اس ڈیم سے 2 ہزار مربع کلومیٹر اراضی سیراب ہو رہی ہے جبکہ یہاں عشروں سے درپیش سیلاب کے خطرات بھی ختم ہونے لگے ہیں۔