ملتان (سٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے ارکان کو ٹکٹ دینے لئے گزشتہ روز بلاول ہائوس میں پارلیمانی بورڈ نے امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کر لئے ، پیپلزپارٹی کے مرکزی سینئر وائس چیئرمین و سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، صدر پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب مخدوم سید احمد محمود و دیگر نے امیدواروں کے انٹرویوز کئے ،انٹرویوز دینے والوں میں ملتان ، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے امیدوار شامل تھے ، چند روز میں پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوگا جس میں ٹکٹ جاری کرنے کے بارے میں حتمی فیصلے کئے جائیں گے ،اس موقع پر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مخالفین کے پاس کوئی منشور نہیں، پیپلزپارٹی کی حکومت ہی ملک کو درپیش مسائل کے گرداب سے نکال سکتی ہے اور پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ملک کو آئینی دفاعی معاشی جمہوری اور سیاسی طور پر مضبوط کیا ہے ۔