لاہور(جوادآراعوان)سندھ اور بلوچستان بارڈر سے جڑے جنوبی پنجاب کے کچہ ایریا ز میں ترقی کی غرض سے اسسمنٹ رپورٹس تیار کرنے کے لئے ایک صوبائی کمیٹی میں انٹیلی جنس بیورو اور سپیشل برانچ کو ذمہ داری سونپ دی گئی،کمیٹی 15روز میں وزیر اعلیٰ کو رپورٹ پیش کرے گی۔ پنجاب حکومت کے علیٰ حکام نے روزنامہ 92نیوز کو بتایا ہے کہ اسسمنٹ رپورٹس تیار کرنے کے لئے وزیر اعلی پنجاب نے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں اورصوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس میں انٹیلی جنس بیورو اورسپیشل برانچ بھی کام کرے گی جبکہ آئی ایس آئی اور ایم آئی سے بھی مدد کی درخواست کی جا سکتی ہے ،انٹیلی جنس اداروں کو اس کمیٹی میں شامل کرنے کا سبب ’’ کرمنل ایکٹو ٹیز اینڈ ٹریندز‘‘پر مبنی اسسمنٹ رپورٹس ہیں، ان ایریاز کو جرائم کا گڑھ سمجھا جاتا ہے ،کمیٹی میں سردار ریاض محمود خان مزاری ایم این اے ،ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری،سپیشل سیکرٹری ہوم،کمشنر اورآر پی او ڈیرہ غازی خان،ڈپٹی کمشنر اورڈی پی او راجن پور،ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او رحیم یار خان بھی شامل ہیں،سپیشل سیکرٹری ہوم اور پولیس افسران اسسمنٹ رپورٹس کی تیاری کے لئے انٹیلی جنس اداروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے جبکہ کمیٹی کے دیگر ممبران راجن پور اور رحیم یار خان کے کچہ ایریاز میں کسانوں اور مزارعین کو سرکاری زمین لیز کرنے کے لئے پالیسی وضع اور سفارشات تیار کرے گی،وزیر اعلیٰ کی ہدایت کے مطابق کمیٹی کچہ ایریاز کا دورہ بھی کرے گی اور بڑوں سے ملاقاتیں کر کے ان کی رائے بھی لے گی۔