لاہور،وزیرآباد،جامکے چٹھہ(خصوصی نمائندہ، نامہ نگار،این این آئی )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام ہماری حکومت کا وعدہ تھا جو پورا کیاہے ۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے مقامی لوگوں کو کام کے سلسلے میں لاہور نہیں آنا پڑے گا۔ صوبائی وزیرآبپاشی محسن لغاری سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کا حقیقی سفر شروع ہوچکاہے جو رکے گا نہیں ۔نئے اضلاع او رتحصیلیں بنانے کا فیصلہ میرٹ پر کریں گے ۔صوبے کے کسی علاقے کو نظر انداز کیاہے نہ کریں گے ۔محسن لغاری نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لئے افسران کی تقرری پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد دی۔ملاقات میں جنوبی پنجاب کے لئے ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے اور نئے اضلاع و تحصیلیں بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ موسم برسات میں مون سون کی وجہ سے بارشوں کے پیش نظر ممکنہ سیلاب سے نپٹنے کے لیے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے خانکی بیراج پہنچے ۔خانکی ہیڈ ورکس کا معائنہ کیااورہیڈ ورکس کے مختلف حصے دیکھے ۔انہوں نے خانکی ہیڈورکس پر پانی کی آمد اور اخراج کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔وزیر اعلیٰ نے متعلقہ تمام محکموں کو بھی احتیاطی تدابیر اپنانے کا کہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جہلم، چناب اور سندھ کے دریاؤں میں پانی کی 24 گھنٹے باقاعدہ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لئے انتظامات کی خود نگرانی کر رہا ہوں ۔ پنجاب کے دیگر ہیڈورکس کا بھی دورہ کروں گا اور انتظامات کا جائزہ لوں گا ۔ خانکی بیراج کے کنٹرول روم میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر کئے گئے سیکرٹری آبپاشی نے وزیراعلیٰ اور محمد احمد چٹھہ کوخانکی ہیڈ ورکس پر پانی کی آمد و اخراج کے بارے میں بریف کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خانکی ریسٹ ہاؤس میں چائے اور بسکٹس سے تواضع کی گئی، وزیر اعلیٰ تقریبا ڈیڑھ گھنٹہ بیراج پر گزارنے اور جائزہ لینے کے بعد واپس لاہور آگئے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے رحیم یار خان کے علاقے خان پور کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے ڈائریکٹر آرٹس کونسل بہاولپور رانا اعجاز محمود کے انتقال دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت کی۔