وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے جنوبی پنجاب سول سیکرٹریٹ کے اختیارات کے تعین اور کارکردگی میں بہتری کے لئے وزیر اعلیٰ کی تشکیل کردہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اس امر کی یقین دہانی کرائی ہے کہ جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ مختص کیا جائے گا اور کوٹے کا تعین صوبے میں آبادی کے تناسب کی بنیاد پر کیا جائے گا۔جنوبی پنجاب کے علاقے ہر حکومت کے لئے خصوصی توجہ کے مستحق رہے ہیں لیکن ان کی پسماندگی دور کرنے اور ترقی کے لئے آج تک زبانی جمع خرچ کے سوا کچھ نہیں کیا گیا۔اب جبکہ موجودہ حکومت کی طرف سے جنوبی پنجاب کو ایک الگ انتظامی زون کے طور پر متعارف کرایا جا رہا ہے تو لازم ہے کہ جنوبی پنجاب کی ترقی کے ثمرات اس کے تمام چھوٹے بڑے شہروں کو پہنچنا چاہئیں کیونکہ ماضی میں یہ دیکھنے میں آتا رہا ہے کہ جنوبی پنجاب کی ترقی کی جب بھی بات ہوتی رہی ہے اس کے فوائد عام طور پر ملتان جیسے اس کے بڑے شہروں تک محدود رہے ہیں اور جنوبی پنجاب کے چھوٹے شہروں تک اس کے ثمرات نہیں پہنچتے لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ تعلیم ، صحت اورزراعت کی ترقی ‘ کو ٹہ کے تعین اور انتظامی حوالہ سے کی جانے والی تبدیلیوں کے دوران جنوبی پنجاب کے زیادہ پسماندہ علاقوںمثلاََراجن پور، مظفر گڑھ ‘ڈی جی خان وغیرہ کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ مسائل کے شکار ان علاقوں کے عوام کی مشکلات دور ہوں اور وہ سرکاری وسائل سے مستفید ہو سکیں۔