لاہور (خصوصی رپورٹ) پاکستان سے تعلق رکھنے والی خاتون ڈاکٹر شبنم سرفراز کو ہارورڈ یونیورسٹی کے پروگرام گلوبل ہیلتھ لیڈ فیلوشپ کے لئے منتخب کیا گیا ہے ، امریکہ کی ہارورڈ یونیورسٹی نے دنیا کے مختلف خطوں سے 5 خواتین کا انتخاب کیا ہے جس میں جنوبی پنجاب کی ڈاکٹر شبنم سرفراز بھی شامل ہیں، ہارورڈ گلوبل ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ اور ویمن اینڈ ہیلتھ انیشی ایٹو کے تحت اس پروگرام کے حوالے سے ڈائریکٹر ہارورڈ یونیورسٹی انگرڈ کاتز نے کہا کہ منتخب کی گئی ان خواتین کا شمار گلوبل ہیلتھ کے شعبے میں بہترین اذہان میں ہوتا ہے ، جنہوں نے پوری دنیا میں شعبہ صحت کو درپیش مسائل کے حل کے لئے قابل عمل حل تلاش کرنے میں ہمیشہ برتری حاصل کی۔ ڈاکٹر شبنم سرفراز کا نام منتخب ہونا نہ صرف ان کے شعبہ صحت میں شاندار کیرئیر بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے لئے بھی ایک اعزاز ہے ، فیلوشپ سلیکشن کمیٹی نے گلوبل ہیلتھ کے شعبے میں ڈاکٹر شبنم سرفراز کے قائدانہ تجربے کو شاندار الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے ملک اور بین الاقوامی سطح پر ہمیشہ نیک نامی کمائی۔ اپنا نام منتخب ہونے پر ڈاکٹر شبنم سرفراز نے کہا کہ بلاشبہ یہ میرے ملک اور پاکستان میں بسنے والی ہر اس خاتون کے لئے اعزاز کا لمحہ ہے ، گلوبل ہیلتھ لیڈ فیلوشپ میرے لئے ایک نادر موقع ہے کہ میں دیگر خطوں میں بھی صحت عامہ کی خدمات کے فروغ کیلئے کردار ادا کر سکوں۔ واضح رہے ڈاکٹر شبنم پبلک ہیلتھ میں 15سالہ لیڈرشپ تجربہ رکھتی ہیں۔ وہ پنجاب پبلک ہیلتھ ایجنسی کی سی ای او رہ چکی ہیں۔ حال ہی میں انہیں وفاقی وزارت منصوبہ بندی و ترقی میں ممبر سوشل سیکٹر اینڈ ڈیولوشن مقرر کیا گیا ہے ۔ وہ کئی عالمی اداروں میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرتی ہیں۔