لاہور،ملتان ،ڈی جی خان(سپیشل رپورٹر، وقائع نگار، ڈسٹرکٹ رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے رولز آف بزنس کو عرق ریزی اورمحنت سے مرتب کیاگیا ہے ۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے رولز آف بزنس کو منظوری کیلئے کل کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ آفس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے رولز آف بزنس کا جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو انتظامی خود مختار ی دیں گے ۔ تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے علیحدہ بجٹ مختص کیا ہے ۔ جنوبی پنجاب کیلئے مختص بجٹ کی رنگ فینسنگ کی گئی ہے ۔ تحریک انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب کے عوام سے کیے گئے وعدے پور ے کررہی ہے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ سے ملتان ائیرپورٹ کے لاؤنج میں اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک، اراکین صوبائی اسمبلی سلیم لابر اورقاسم لنگاہ شامل تھے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سمت درست اور نیت نیک ہے ۔ ون مین شو پر یقین نہیں،سب کو ساتھ لے کر چلتا ہوں اور مشاورت کے ساتھ فیصلے کئے جاتے ہیں ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ سے فورٹ منرو میں قبائلی عمائدین اور معززین علاقہ نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ نے مسائل سنے اور ان کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے ۔وزیر اعلیٰ نے بلوچی اور سرائیکی زبان میں عمائدین سے حال احوالکیا۔وزیراعلیٰ نے عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کوہ سلیمان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو فعال کر کے دائرہ کاربڑھا دیا گیا ہے ۔کے ایس ڈی اے ڈیرہ غازی خان کے ساتھ راجن پور کے قبائلی علاقوں کی ترقی پر کام کرے گی۔ سابق حکمرانوں نے جان بوجھ کر کوہ سلیمان،فورٹ منرو او ردیگر پسماندہ علاقوں کو نظر انداز کیا۔ماضی کی حکومت نے پسماندہ اضلاع سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جبکہ ہماری حکومت پسماندہ اور وسائل سے محروم علاقوں کی مساوی ترقی پر کام کررہی ہے ۔دریں اثنا انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا غیر فطری اتحاد مکافات عمل کا شکار ہو کر بکھر چکا ہے ۔ 11جماعتوں پر مشتمل غیر فطری اتحاد11 ماہ بھی نہیں چل سکا۔پی ڈی ایم کو اپنے منفی رویے پر نظر ثانی کرنی چاہیئے ۔کراچی کا ناکام جلسہ کرچی کرچی اتحاد کے لئے نوشتہ دیوار ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے آج صوبائی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا ۔ 47 ویں اجلاس میں 31 نکاتی ایجنڈا زیر غور آئے گا۔