واشنگٹن،تہران(صباح نیوز،این این آئی) امریکہ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ 2015 کے جوہری معاہدے کی بحالی کے قریب پہنچ گیا ہے جس کے نتیجے میں ایران پر مغربی طاقتوں کی جانب سے عائد پابندیوں میں نرمی کی جائے گی۔ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ تہران کی تمام ریڈ لائنوں کا خیال رکھا جائے تو ہم سمجھوتے کو آخری شکل دینے کیلئے تیار ہیں ۔انہوں نے کہاکہ امریکہ نئے اور ناجائز مطالبات سے گریز کرے ۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہاکہ اس ہفتے ایسے متعدد مثبت اشارے ملے کہ یہ معاہدہ بالآخر طے پا سکتا ہے اور اس سلسلے میں ایک اہم پیشرفت ایران میں برسوں کی نظربندی کے بعد گزشتہ روز دو برطانوی ایرانیوں کی رہائی بھی شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک ممکنہ معاہدے کے قریب ہیں لیکن ہم ابھی تک وہاں پہنچے نہیں ، ہمارا خیال ہے کہ باقی مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے ۔ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبدالہیان نے اپنے برطانوی ہم منصب سے ٹیلی فون پر بات چیت میں دو طرفہ تعلقات اور بین الاقوامی مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ حسین امیر عبداﷲیان نے اس ٹیلی فونی بات چیت میں برطانیہ کی جانب سے ایرانی قرض کی ادائیگی کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بحالی اعتماد کے اقدامات انجام دے کر باہمی تعلقات کے فروغ کا راستہ ہموار کیا جاسکتا ہے۔