لاہور( شوبز ڈیسک) نامور گلوکارہ سائرہ نسیم نے کہا ہے کہ جو بھی گیت گایا اسے ہمیشہ دل سے گایا اور اس کے لئے شاعری کو اپنے اوپر طاری کرنا پڑتا ہے ،کبھی ایسی شاعری کو اپنی آواز نہیں دی جسے سن کر میرے پرستاروں کو شرمندگی اٹھانا پڑے ۔ ایک انٹر ویو میں سائرہ نسیم نے کہا کہ ماضی میں کچھ گلوکارائوں نے ایسی شاعری پر مبنی گیت گائے ہیں جنہیں سن کر یقینا شرمندگی محسوس ہوتی ہے لیکن اس موسیقی کی زندگی بہت عارضی تھی اور وہ ایک مخصوص طبقے کیلئے تھے ۔ صاف ستھری شاعری پر مبنی گیت کئی دہائیوں تک سنے جاتے ہیں اس لئے میں نے کبھی ایسی شاعری کو اپنی آواز نہیں دی جو سننے والوں کو بھی شرمندہ کر دے ۔ انہوں نے کہا کہ خدا کی ذات سے دعا ہے کہ فلم انڈسٹری دوبارہ عروج حاصل کرے جس کی وجہ سے میوزک سمیت دیگر کئی شعبے بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہوں گے ۔