ا لپوری،بونیر( نمائندہ 92نیوز، این این آئی ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف کو سزا کے بعد اب دوسرے گاڈ فادر زرداری کی باری ہے ، زرداری اور نوازشریف کے درمیان ڈیل ہوئی ہے ، دونوں مشکل وقت میں ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں ،نوازشریف اور ان کی بیٹی اس دھوم دھام سے آرہے ہیں جیسے ورلڈ کپ جیتا ہو یا کشمیر فتح کر لیا ہو ۔وہ بشام میںانتخابی جلسے سے خطاب کررہے تھے ۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ میں پرامید ہوں کہ عوام 25جولائی کو بلے پر ٹھپہ لگا کر تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دینگے ، امیر مقام نوازشریف کا بغل بچہ ہے ، یہ سیاست میںآئے ہی پیسہ بنانے کیلئے ہیں، اس قسم کی سوچ کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دینگے ۔ انہوںنے کہا کہ شانگلہ میں خوشحالی آنے والی ہے ، اس علاقے میں سیاحت کو فروغ مل سکتا ہے ،یقین دلاتا ہوں کہ آپ کو نوکری لینے باہر نہیں جانا پڑے گا،سوات ایکسپریس وے بن جائیگی تو دنیا بھر سے لوگ یہاں آئیں گے ۔ انہوں نے نواز شریف اور مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سنا ہے دونوں جمعہ کو دھوم دھام سے لاہور آرہے ہیں ، وہ کس منہ سے آئیں گے ، (ن) لیگ والے استقبال کی تیاری ایسے کررہے ہیں جیسے باپ بیٹی ورلڈکپ جیت کرآرہے ہیں،ہم باپ بیٹی کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، ان کے راستے میں کھڑے ہوں گے ۔بعد ازاںعمران نے بونیر میںجلسے سے خطاب میںکہا کہ نواز شریف کی طرح زرداری بھی منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں، دونوںکے مک مکا سے ڈالر مہنگا ہوا، نواز شریف کا 300ارب روپے ان کے بچوں کی کمپنیوں میں ملک سے باہر گیا جبکہ کے پی کے کا سالانہ ترقیاتی بجٹ 110ارب ہے ، جو حکومت بھی جاتی ہے وہ خالی خزانہ اور مولانا فضل الرحمان چھوڑ کر جاتی ہے ۔ عمران نے مزید کہا کہ کارکن میرے ساتھ نہ ہوتے تو آج میں یہاں نہ ہوتا، اب زرداری کی باری ہے ، جو پیسہ ہسپتالوں ، تعلیمی اداروں اور انسانوں کی فلاح پر خرچ ہونا چاہیے تھا وہ ان چوروںکی جیبوں میں چلا گیا ۔ انہوںنے کہا کہ بونیر کے لوگو !آپ نے نظریہ کو ووٹ ڈالنا ہے ، اگر کوئی پی ٹی آئی کا بندہ آزاد امیدوار کے طور پر کھڑا ہے تووہ بیٹھ جائے ، جماعت اسلامی نے (ن) لیگ سے الحاق کرلیا ہے ۔ دریں اثناء اسلام آباد میں تحریک انصاف کی انتخابی مہم کے دوسرے مرحلہ کے تحت تیاریوں کو حتمی شکل دیدی گئی ۔ این اے 53سے الیکشن مہم کے انچارج زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ عمران 13 جولائی کو اسلام آباد کے تینوں حلقوں میں جائیں گے اورہاکی گراونڈ، بہارہ کہو اور آئی ٹین میں اجتماعات سے خطاب کرینگے ۔ چیئرمین تحریک انصاف آج وفاقی دارالحکومت میں اقلیتی برادری سے مخاطب ہونگے ،اقلیتی کنونشن دن ڈیڑھ بجے بنی گالہ میں منعقد کیا جائے گا۔ دریں اثناء عمران خان نے 22مئی کو کراچی میںہونیوالے جلسے کیلئے پارٹی رہنما عمران اسماعیل کو کوآرڈینیٹر مقرر کر دیا ۔