اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ جو پاکستان کو معاشی طورپر مضبوط نہیں دیکھ سکتے ، وہ ملک کے خلاف سازشوں پر لگ گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق منگل کووزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اسلام آباد میں حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نے ملکی معیشت سے متعلق حقائق سامنے لانے کی ذمہ داری حکومتی ترجمانوں کو سونپی۔ وزیراعظم نے حکومتی ترجمانوں سے آزادی مارچ سے متعلق معاملات پر بھی بات چیت کی۔اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا پاکستان معاشی طور پر ابھر رہا ہے ، جو پاکستان کو معاشی طورپر مضبوط نہیں دیکھ سکتے ، وہ ملک کے خلاف سازشوں پر لگ گئے ہیں۔وزیراعظم نے حکومتی ترجمانوں کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال سے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر جاری ہے ، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے بعد بھارت کا چہرہ پوری دنیاکے سامنے آگیا ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے ڈاکٹر بابر اعوان نے ملاقات کی جس میں سیاسی قانونی اور آئینی امور پر تبادلہ خیا ل کیاگیا ۔وزیر اعظم نے کہا پر امن اور سیاسی احتجاج تمام جماعتوں کا آئینی حق ہے ،ملک کو سیاسی اور معاشی استحکام کی جانب بڑھانا ترجیح ہے ۔انہوں نے کہا کشمیر کاز پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ بابر اعوان نے کہا مودی کو جو پذیرائی بھارت سے نہ مل سکی، وہ مولانا فضل الرحمٰن نے فراہم کر دی،بظاہر اپوزیشن کا ممکنہ احتجاج پر امن نہیں لگ رہا۔انہوں نے کہا ملک درست سمت میں جاتا دیکھ کر دھرنوں کی مخالفت کرنے والے بھی حمایت میں نکل پڑے ۔بابر اعوان نے کہا مولانا نے کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے کی پوری کوشش کی ۔مزیدبرآں وزیر ہائوسنگ طارق بشیر چیمہ بھی وزیراعظم سے ملے ۔