اسلام آباد،لاہور،کراچی( خبر نگار خصو صی، سپیشل رپورٹر،ما نیٹرنگ ڈیسک، وقائع نگار،سٹاف رپورٹر،92 نیوز رپورٹ )پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے یوسف رضا گیلانی کی تا ریخی جیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ثابت ہوگیا کہ جعلی وزیراعظم اکثریت کھوچکے ہیں، فوری طور پر مستعفی ہوجانا چاہیئے ، عمران خان شکست تسلیم کرکے اسمبلیاں تحلیل اور دوبارہ انتخابات کرائیں ،موقف کی تصدیق ہوگئی کہ 2018 کا مینڈیٹ جعلی تھا۔ بعدازاں پی ڈی ایم کے اجلاس کے بعدمولانا فضل الرحمن نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان کے پاس اب استعفے کے سوا کوئی راستہ نہیں ،اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کے ڈرامے نہ کریں ،ہم نئے انتخابات چاہتے ہیں،اسمبلیاں فوری طور پر تحلیل کی جائیں ۔یوسف رضاگیلانی نے کہا پی ڈی ایم کی تمام قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں،کامیابی پرسب کومبارکبادپیش کرتاہوں،ہم نے پارلیمنٹ کی بالادستی کوبحال کردیا۔سابق صدر آصف علی زرداری کاکہنا تھا کہ جمہوریت کی فتح ہوئی ،پانچ ووٹوں کی جیت کم ہے ،ہماری 20ووٹوں کی جیت ہونی چاہیے تھی ، اگرحکومت نے اسمبلیاں توڑیں تو ہم الیکشن کے لیے تیار ہیں۔مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف نے اپنے ٹویٹ میں یوسف گیلانی کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے جمہوریت کی فتح قرار دیا ۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا اپنی ہی اسمبلی سے ہارنا پی ڈی ایم کی فتح ہے ،سلیکٹڈ حکومت پارلیمان سے ہارگئی،آج کی شکست کے بعد عمران خان کواب مستعفی ہوجاناچاہئے ،یوسف رضا گیلانی کوپہلے وزیراعظم بنوایااب چیئرمین سینٹ بھی منتخب کرائینگے ، بلاول بھٹو نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ عمران خان نے سینٹ کی نشست ہارنے پر اسمبلی تحلیل کرنے کا وعدہ کیاتھا،عمران خان اب ہارگئے ہم جیت گئے ۔وزیراعلی ٰسندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اسلام آباد کی نشست پر ناکامی پر وزیراعظم کو مستعفی ہوجانا چاہیے ۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کے وزیر اعظم ہاؤس پر قابض رہنے کا کوئی جواز نہیں رہا، جعلی مینڈیٹ عوام کے نمائندوں نے واپس چھین لیا،نواز شریف کے فیصلے اور بیانیے کا مان رکھا اور جھکنے اور بکنے سے انکار کر دیا۔عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا یہ اس حکومت کے خاتمے کی جانب ایک بڑا قدم ہے ۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کی فتح اور حکومت پر عدم اعتماد ہے ،ان کے اپنے ارکان اسمبلی ناراض ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا کہ عوام کے نمائندوں نے آئی ایم ایف کے پاکستان میں مالی وائسرائے شیخ حفیظ کو مسترد کردیا، مہنگائی کے ستائے عوام نے حفیظ شیخ کو سونامی میں غرق کردیا ۔ لیگی رہنما محمد زبیر نے کہا عمران خان کو باہر بھیجنے کا پہلا قدم عبور کرلیا ، لیگی رہنما رانا ثنا اﷲ نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ کو تکبر اور ظلم پسند نہیں ۔ سابق سپیکر سر دار ایاز صادق نے کہا کہ اگر تحریک عدم اعتماد پیش کردی گئی تو بھی خطرناک نتائج نکلیں گے ۔ لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی، سعد رفیق نے کہاکہ ملک کی سیاست کو نیا رخ ملے گا ، اسمبلیوں کو تحلیل کیا جائے ۔دوسری جانب پنجاب اسمبلی اپوزیشن چیمبر میں یوسف رضا گیلانی کی جیت پر ن لیگی ارکان نے جشن منایا ،مٹھیائیاں تقسیم کی گئیں۔پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نئر حسین بخاری نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی کامیابی انجمن غلامان آئی ایم ایف کی شکست ہے ۔پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ اور چودھری منظور احمد نے کہا آصف علی زرداری نے جو کہا کر کے دکھایا، جیت ان کا کمال ہے ۔سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ جیت آنے والے دنوں میں حکومت کو ہلا سکتی ہے ،آصف زرداری نے سیاست کا رخ موڑ دیا۔