لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن کی جانب سے سیلاب کی وارننگ جاری کردی گئی، وارننگ کے مطابق حالیہ مون سوسن کے باعث شدید بارش برسانے والا سسٹم موجود ہے ، بڑے دریائے کے بالائی حصہ زیر اثر آئیں گے ، دریاؤں کی صورتحال کے باعث 25جولائی سے 27جولائی کے درمیا ن سیلاب کا خدشہ ہے ، انتہائی اونچے درجے کا سیلاب منگلا ، اونچے درجے کا سیلاب دریائے چناب میں مرالہ ، درمیانی درجے کا سیلاب زیر یں حصہ ، دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام ، دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر سیلاب کا خدشہ ہے ، نالوں میں ہسری،بھین،بسنتر،اوجھ ،جھاجھری،کھیتر اور دیگ ، پالکو،ایکاور بھمبر میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے ، پشاور، راولپنڈی ،فیصل آباد،لاہور،اور سرگودھا ڈویژن میں فلڈ کی وارننگ جاری کی گئی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا، تاہم حیدر آباد، راولپنڈی، پشاور، مالاکنڈ، کوہاٹ ،ہزارہ، کوئٹہ، قلات ڈویژن اور کشمیر میں بارش ہوئی، آج منگل کے روز پشاور، کوہاٹ، کوئٹہ، ژوب، قلات، مکران، میرپورخاص، حیدر آباد، ہزارہ، لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں بارش ہوسکتی ہے ، پیر کو گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت دالبندین 46، نوکنڈی45، سبی،دادو اور لسبیلہ میں44 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، یہ لاہور میں 37 سنٹی گریڈ رہا۔