کراچی ( کامرس رپورٹر) رواں مالی سال 2019-20ء کے پہلے مہینے جولائی کے دوران پاکستان کے تجارتی خسارہ میں 29 فیصد کی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر قیادت حکومت2020ء تک ملک کے تجارتی خسارہ میں27.476 ارب ڈالر کمی کیلئے پرعزم ہے ۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان اور ادارہ برائے شماریات پاکستان(پی بی ایس) کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی 2019ء کے دوران تجارتی خسارہ میں28.84 فیصد کی کمی سے تجارتی خسارہ2.27 ارب ڈالر تک کم ہوگیا جبکہ جولائی2018ء کے دوران تجارتی خسارہ کا حجم 3.19 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال2018-19ء کے دوران پاکستان کے تجارتی خسارہ میں15.33 فیصد کی نمایاں کمی ہوئی ہے ۔وفاقی حکومت نے غیر ضروری اور پرتعیش اشیاء کی درآمدات کی حوصلہ شکنی کے حوالے سے متعدد اقدامات کئے ہیں جن کے نتیجہ میں تجارتی خسارہ31.82 ارب ڈالر تک کم ہوگیا جبکہ مالی سال 2017-18ء کیلئے 37.58 ارب روپے کا تجارتی خسارہ ہوا تھا۔ اس طرح مالی سال 2017-18ء کے مقابلہ میں گذشتہ مالی سال2018-19ء کے دوران تجارتی خسارہ میں15فیصد سے زائد یعنی5.76ارب ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ رپورٹس کے مطابق جولائی2019کے دوران قومی درآمدات میں14.07 فیصد کی کمی سے درآمدات کا حجم 4.89 ارب ڈالر کے مقابلہ میں4.15 ارب ڈالر تک کم ہوگیا۔