لاہور (سپورٹس رپورٹر) پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام رافم جونیئر ٹینس ٹورنامنٹ شروع ہوگیا۔ ٹورنامنٹ میں انڈر 16 بوائز، انڈر 16 بوائز ڈبلز، بوائز انڈر 14، بوائز /گرلزانڈر 12، بوائز /گرلز انڈر 12، بوائز /گرلز انڈر 12 ڈبلز، بوائز /گرلز انڈر 10، بوائز /گرلز انڈر 8، بوائز /گرلز انڈر 6 شامل ہیں۔افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن رشید ملک اور رافم گروپ کے اسسٹنٹ مارکیٹنگ مینجر نعمان ملک تھے ۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر رشید ملک کے مطابق پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن ٹینس کے فروغ کیلئے کوشاں ہے ۔جونیئر پر ہمارا زیادہ فوکس ہے کیونکہ یہ پاکستان اور پنجاب کا مستقبل ہیں۔ یہ ننھے بچوں پر اگر اب ہم محنت کریں گے تو یہ مستقبل کے عقیل خان ، اعصمام الحق بنیں گے ۔ سابق ڈیوس کپ کپتان رشید ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رافم گروپ کے چیئرمین زاہد حسین کا خصوصی شکریہ جنہوں نے جونیئر ٹورنامنٹ کو سپانسر کیا۔ امید ہے کہ رافم گروپ یہ سلسلہ جاری رکھے گا۔ پہلے روز انڈر 16 بوائز کے مقابلوں میں ارہم خان نے ریام خان کو 8-3 سے ، ابراہیم انجم نے اسنان حسیب کو 8-5سے ،تیمور علی نے زائم غفور کو 8-5 سے ، شاہیل دراب نے ارمان کامران کو 8-4 سے جبکہ بلال وحید نے علی شیخ کو 8-6 سے ہرا دیا۔ دیگر میچز ابھی جاری تھے ۔ انڈر 14 کے پہلے رائونڈ کے میچ میں زائم غفور نے بلال جیلانی کو 8-3 سے ہرا دیا۔