برلن( ویب ڈیسک) گٹھیا کے مرض میں خصوصاً گھٹنے بہت شدید تکلیف دیتے ہیں، اب گھٹنوں میں دباؤ ناپنے والی ایک الیکٹرونک پٹی بنائی گئی ہے جو گھٹنے میں مسلسل دباؤ یعنی اسٹریس (اسٹریشن) کو نوٹ کرتی رہتی ہے ۔ جرمنی کے کارل سراہے انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اور یونیورسٹی آف بریمن نے مشترکہ طور پر یہ بینڈیج بنائی ہے اور اسے ’’اینتھرو کائنامیٹ‘‘کا نام دیا گیا ہے ۔ یہ حقیقی وقت میں گھٹنے کے اندر بننے والے دباؤ کو نوٹ کرتی رہتی ہے اور کسی بھی مشکل صورتحال سے خبردار کرسکتی ہے ۔ گٹھیا کے مرض میں جوڑوں کی لجلجی ہڈی (کارٹیلج) ٹوٹ پھوٹ اور گھساؤ کی وجہ سے متاثر ہوتی ہے ۔ اس کے بعد ہڈیاں براہِ راست ایک دوسرے پر رگڑنے لگتی ہیں اور یوں درد کی شدت میں اضافہ ہوتا جاتا ہے ۔ بعض دوائیں اور ورزش اس میں فائدہ پہنچاتی ہیں لیکن یہ عارضہ وقت کے ساتھ ساتھ بڑھتا ہی جاتا ہے ۔ اس ایجاد میں کئی طرح کے سینسر لگے ہیں جو ہر طرح سے گھٹنے کی حرکت کو نوٹ کرتے ہیں۔ یہ ڈیٹا فوری طور پر ایک مائیکرو پروسیسر میں جاتا ہے۔