لاہور(قاضی ندیم اقبال)جنوبی پنجاب کے قبائلی علاقوں میں سہولیات کی فراہمی کافیصلہ کرتے ہوئے حکومت پنجاب نے ٹرائبل ایریا ڈویلپمنٹ پیکج کی تیاری کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی،5رکنی کمیٹی کا سربراہ ڈائریکٹر جنرل ( ایم اینڈ ای ) پی اینڈ ڈی کو بنایا گیا ۔ کمیٹی اپنی ابتدائی سفارشات مرتب کر کے 7یوم میں صوبائی حکومت کو پیش کرے گی جس کی روشنی میں معاملات کو آگے بڑھایا جائے گا۔معتبر اور مصدقہ ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے ساتھ جنوبی پنجاب کی سرحد کے 3اطراف میں موجود قبائلی علاقوں( جنوبی وزیر ستان اور بلوچستان کی سرحد کے ساتھ سندھ کے کشمور تک ملنے سرحدی علاقوں ) کے عوام کو ہر ممکنہ سہولیات کی فراہمی کا عزم کیا ہے ۔ جس کی غرض سے باضابطہ طور پر Tribal Area Development Package کی تیاری کا کام شروع کیا جا رہا ہے ۔ جنوبی پنجاب کے قبائلی علاقوں میں ابتدائی مرحلے میں سڑکوں کا جال بچھایا جائے گا اور بعد ازاں تعلیم، صحت ، مائیکرو فنانسنگ ، لائیو سٹاک اینڈڈیری ڈویلپمنٹ ، انرجی اور سکلز جنریشن جیسے شعبوں میں معاملات کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے گاتاکہ جنوبی پنجاب میں واقع قبائلی علاقوں میں بسنے والے قبائلی شہریوں کا معیار زندگی بہتر بنایا جا سکے ۔ ذرائع کے مطابق ٹرائبل ایریا ڈویلپمنٹ پیکج کی تیاری کی غرض سے صوبائی حکومت نے کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل (ایم اینڈ ای ) پی اینڈ ڈی بورڈ کی سربراہی میں بنائی گئی کمیٹی میں چیف (آر اینڈ ای ) پی اینڈ ڈی ، سپریٹنڈنٹ انجینئرنگ (ہائی وے ) ڈیرہ غازی خان/پراجیکٹ ڈائریکٹر (TADP)کمشنر ڈیرہ غازی خان/پراجیکٹ ڈائریکٹر(TADP) کے نمائندہ کو بطور ممبر شامل کیا گیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ کمیٹی اپنی سفارشات تیار کرتے وقت زمینی و موسمی حالات کے علاوہ ٹیکنیکل معاملات کو بھی مدنظر رکھے گی۔