مکرمی !راقم الحروف کا تعلق برصغیر کے قدیم ترین ضلع جھنگ سے ہے۔ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ ہم ان روایات کے امین ہیں جنہوں نے دنیا بھر میں نام پایا ہے۔جھنگ کے مسائل کے بارے بات کرتے ہوئے قبروں سے گڑھے مردے اکھاڑے جائیں یا عصر حاضر کی بات کی جائے دونوں میں کوئی فرق نہیں۔ میونسپل کارپوریشن سمیت دیگر تحصیل میونسپل کمیٹیوں کے قیام کا مقصد تو یہی تھا کہ کم از کم ترقیاتی کام بلا تفریق شروع ہوں گے اور مکینوں کو سکھ کا سانس نصیب ہوگا۔ لیکن حالات اس کے برعکس ہیں۔ کارپوریشن کے قیام سے تحصیل جھنگ کے شہری علاقے کی صورتحال میں بہتری نہیں لائی جا سکی جبکہ باقی ضلع بھر کا رونا دھونا تو سالوں سے چل رہا ہے۔ اس وقت ضلع جھنگ سب سے پیچیدہ مسئلہ سیوریج کا ہے۔ سیوریج کا بڑا حصہ ناکارہ اور خستہ حال ہے اس کو بند کرنا ہی مناسب ہے، اس کیلئے دوسرا حل یہی ہے کہ شہر کے گرد موجود سیم نہر کو پختہ کھالے میں بدل دیا جائے او رآبپاشی کی سابقہ لائنوں جن میں بیشتر نالے بند یا ناپید ہوچکے ہیں انہیں بحال کیا جائے۔ اس کے علاوہ بچی کھچی سیوریج کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے۔ ضلعی انتظامیہ ترقیاتی کاموں میں بدعنوانی سے بچنے اور مسائل کی نشاندہی کیلئے جھنگ ڈویڑن بناؤ تحریک کے متحرک نوجوانوں کی خدمات حاصل کر سکتی ہے،جنہوں نے عملی طور پر ثابت کیا ہے کہ وہ اپنے ضلع کی فلاح کیلئے کس قدر مخلص ہیں۔ ( ملک شفقت اللہ جھنگ)