کراچی( کامرس رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور صدر شیخ عمر ریحان نے پاکستان کو حاصل جی ایس پی پلس اسٹیٹس میں2022 تک توسیع ملنے کو ملکی معیشت کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے ۔ ایس ایم منیر کا کہنا تھا کہ یورپی پارلیمنٹ کی انٹر نیشنل کمیٹی کی جانب سے جی ایس پی پلس میں توسیع کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی زیر قیادت حکومت کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم پیش رفت پر وزیر اعظم کے مشیر صنعت و تجارت رزاق داؤد بھی مبارک باد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی، سماجی اور قانونی سطح پر وزیر اعظم کی جانب سے لائی گئی اصلاحات اور اقدامات نے اسٹیٹس کی توسیع میں بنیادی کردار ادا کیا۔