فیصل آباد(خصوصی رپورٹر) جی سی یونیورسٹی میں جاری کلچرل فیسٹیول کے دوران انتظامیہ کی طرف سے سیکورٹی انتظامات عمل میں نہ لائے جا نے کے باعث طالبات کے ساتھ چھیڑ خانی معمول بن گئی ، جمعرات کے روز طالبات کے ساتھ چھیڑ خانی کئے جا نے کی بنا پر طالب علموں کے دو گروپوں میں لڑائی ہوگئی، لا اور بی بی اے کے طلبا نے دل کھول کر ایک دوسرے کو تشدد کا نشانہ بنایا ، اور ایک دوسرے کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں، ذرائع کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے مناسب سکیورٹی انتظامات نہ ہونے سے یونیورسٹی کی تقریبات میں چھیڑ خانی کے واقعات بڑھنے لگے ہیں اور طالبات ایسی تقریبات میں شرکت کرنے پر خوف کا شکار ہوگئی ہیں، اسی بنا پر طلبہ میں مار کٹائی کے واقعات بھی سامنے آنے لگے ہیں، کلچرل فیسٹول میں طالبہ کو چند اوباش عناصر نے تنگ کیا اور دو گروپوں میں لڑائی شروع ہوگئی، طلبہ نے ایک دوسرے پر لاتوں، گھونسوں، تھپڑوں کی برسات کردی، دیگر ساتھی طلبہ لڑائی کے مناظر سے لطف اندوز ہوتے رہے ۔اس حوالہ سے یونیورسٹی کے ذمہ داروں کو آگاہ کئے جا نے کے باوجود ان واقعات کی روک تھام کیلئے کوئی بھی اقدام عمل میں نہیں لایا گیا ہے ۔ 92نیوزنے فوٹیج حاصل کرلیں،جن میں دیکھا جاسکتاہے کہ لڑائی کے دوران طلبانے یونیورسٹی میں طوفان بدتمیزی برپاکئے رکھا۔