کراچی (سٹاف رپورٹر) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سندھ نے عمران خان کی حمایت کا فیصلہ کرلیا ہے اورمعاملات طے کرنیکا اختیار پیرپگارا کو دیدیا گیاہے ۔گزشتہ روز کراچی میں غلام مرتضیٰ جتوئی کی رہائشگاہ پر ہونے والے جی ڈی اے کے اجلاس میں انتخابات کے نتائج ایک بارپھرمسترد کردیئے گئے جبکہ سندھ میں ہڑتال کی تجویز آئندہ اجلاس تک ملتوی کردی گئی،احتجاج کے شیڈول کا اعلان یوم آزادی کے بعد کیا جائیگا۔ اجلاس میں پیرصدرالدین شاہ، غوث علی شاہ،ایازلطیف پلیجو ،غوث بخش مہر، ڈاکٹرفہمیدہ مرزا،سید ظفرعلی شاہ ،ڈاکٹرذوالفقارمرزا اوردیگرنے شرکت کی۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال اورانتخابی دھاندلیوں کیخلاف تحریک کے دوسرے مرحلے پرغورکیا گیا ،اجلاس میں سندھ کو کرپشن سے نجات دلانے ،غیرجانبداربیوروکریسی کی تقرری اورسندھ کے دیہی علاقوں کیلئے وفاقی حکومت سے خصوصی ترقیاتی اورزرعی پیکیج کیلئے عمران خان کی حمایت کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے جی ڈی اے کے سیکرٹری جنرل ایازلطیف پلیجو اوردیگررہنماؤں نے کہا کہ انتخابات میں سندھ کے لوگوں کا مینڈیٹ چرایا گیا،انہوں نے الزم لگایا کہ ’’بادشاہ سلامت‘‘ کے کہنے پرجی ڈی اے کے رہنماؤں کے انتخابی نتائج تبدیل کئے گئے ،انہوں نے کہا کہ ہمیں پی ٹی آئی کی نئی حکومت سے بڑی توقعات وابستہ ہیں، عمران خان کو چاہئے کہ وہ سندھ کے دیہی علاقوں کیلئے وفاقی پیکیج کا اعلان کریں،آبادگاروں کو بھی خصوصی پیکیج دیا جائے ۔اس موقع پرغوث علی شاہ نے کہا کہ گند زدہ الیکشن کوصاف کرنے کیلئے بھرپورجدوجہد کی جائیگی،پیرصدرالدین شاہ راشدی نے کہا کہ سندھ کے غریب ووٹرزنے ہمیں ووٹ دیئے تھے لیکن نتائج تبدیل کردیئے گئے ،جی ڈی اے کو سازش کے تحت ہروایا گیا، ہم عوام کوحق دلانے کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔