اسلام آباد ( سپورٹس ڈیسک) کھیلوں کے میدان کی طرح جیت کا عزم لیکر کرونا وائرس کو شکست دینا ہے ۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کے بانی و اعزازی سیکریٹری جنرل پروفیسر راؤ جاوید اقبال نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی تمام فیڈریشنز،ایسوسی ایشنز اور کھلاڑیوں کو بھی احتیاطی تدابیر نہ صرف خود اختیار کرنی ہے بلکہ اپنے گردوپیش کے لوگوں کو بھی اس میں احتیاط کی ترغیب دینی ہے ، انہوں نے کہا کہ پوری دنیا آزمائش سے گزر رہی ہے لہذا پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو متحد ہو کر حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل کرنا چاہیے ،اس مرض کا واحد علاج احتیاط ہے ۔سماجی تعلقات منقطع کر کے الگ تھلگ رہنا، باربار ہاتھوں کا دھونا،نیم گرم پانی سے غرارے کرناہمیں معمول کا حصہ بنا لینا چاہئے کیونکہ علامات ظاہر ہونے کی صورت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے حکومت ہماری بہتری کے لیے اقدامات کررہی ہے ہمیں اچھے شہری کا ثبوت دیتے ہوئے اپنی اور اپنے پیاروں کی جان کے تحفظ کے لیے مکمل تعاون کرنا چاہیے ۔ رائو جاوید اقبال نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں پر حالات کی بہتری تک پابندی کے حکومتی اقدام کی حمایت کرتے ہیں ہمیں کچھ عرصے کے لیے محتاط زندگی کا سنجیدگی سے مظاہرہ کرنا ہوگا۔