برمنگھم(سپورٹس ڈیسک)آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ سیمی فائنل میں 85رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے والے مایہ ناز انگلش اوپننگ بلے باز جیسن روئے کو امپائرز سے تلخ کلامی مہنگی پڑ گئی اور ان پر میچ فیس کا 30فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔ جیسن روئے نے جارحانہ انداز اپنایا اور 85رنز کی اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے لیکن سنچری سے چند قدم کے فاصلے پر انہیں کیچ آؤٹ قرار دے دیا گیا۔جیسن روئے امپائر کے فیصلے سے ناخوش نظر آئے اور ری پلے سے صاف ظاہر تھا کہ گیند ان کے بلے کو چھوئے بغیر وکٹ کیپر تک گئی ہے لیکن بیئراسٹو اپنی وکٹ بچانے کے لیے پہلے ہی ریویو ضائع کر چکے تھے ۔اس موقع پر روئے نے ریویو تو نہ لیا البتہ انہوں نے اس فیصلے کیخلاف امپائر امپائرز سے بحث کی اور اپنی خفگی کا اظہار کیا۔اس ردعمل پر جیسن روئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے اور ان پر میچ فیس کا 30فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔میچ فیس سے محروم ہونے کے ساتھ ساتھ روئے کو دو منفی پوائنٹ بھی دیے گئے ہیں لیکن وہ فائنل میچ میں پابندی کی سزا سے بچ گئے البتہ اگر انہوں نے دوبارہ 12ماہ کے دوران یہی غلطی کی تو ان پر پابندی لگ سکتی ہے ۔