نیروبی( ویب ڈیسک) کینیا کی مشہور جھیل وکٹوریا پر ایک چھوٹا سا جزیرہ’ ’مگینگو‘‘ ہے جسے دنیا کا سب سے گنجان آباد جزیرہ کہا جاسکتا ہے ۔ اس کا رقبہ ایک فٹبال گراؤنڈ سے بھی چھوٹا یعنی 0.49 ایکڑ ہے تاہم یہاں 1000 سے زائد افراد رہتے ہیں جو انتہائی غریب ہیں۔ ٹین کی چھوٹی جھگیوں سے اٹا ہوا یہ جزیرہ کسی کچی آبادی کا منظر پیش کرتا ہے اور اسے دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا جزیرہ کہا جاتا ہے ۔ اسی بنا پر اس جگہ کو ’فولاد سے ڈھکا جزیرہ‘ بھی کہا جاتا ہے لیکن اس کی تاریخ اتنی واضح نہیں۔ کہتے ہیں کہ 1991 میں کینیا کے دو ماہی گیر یہاں آئے تھے اور اپنا گھر بنایا تھا۔ اس کے بعد پوری برادری نے جزیرے کا رخ کیا اور اب یہاں لوگوں کی بھرمار ہے ۔ بعض کا خیال ہے کہ یوگینڈا کا ایک ماہی گیر جوزف انسوبگا پہلے یہاں آیا اور اس کے بعد اس کے دیگر ماہی گیر دوستوں نے بھی یہاں سکونت اختیار کرلی۔ یہ جگہ مچھلیوں سے بھرپور ہے اور اسی لیے اس پر کینیا اور یوگینڈا کے لوگ اپنا اپنا حق جتاتے ہیں۔