کراچی(این این آئی)حکومت کی جانب سے فرٹیلائزر انڈسٹری پر سے جی آئی ڈی سی کے خاتمے کا فائدہ کسانوں کوپہنچنے کے بجائے بڑے ڈیلرز اٹھا رہے ہیں۔ حکومت نے اندازہ لگایا تھا کہ جی آئی ڈی سی کے خاتمے سے فرٹیلائزر انڈسٹری فی یوریا بیگ کی قیمت میں 600روپے کمی کرے گی، کھاد کی قیمت میں 400روپے فی بیگ کے بجائے فوجی فرٹیلائزر نے حال ہی میں 300 روپے فی بیگ اور اینگرو نے 160روپے فی بیگ کمی کی ہے ، یاد رہے کہ جی آئی ڈی سی کا اطلاق مختلف فرٹیلائزر پلانٹس پر مختلف تھا،اس لیے مختلف کمپنیاں کھاد مختلف قیمتوں پر فروخت کررہی ہیں۔ ذرائع نے دعوی کیا کہ ڈیلرز فوجی فرٹیلائزر کی 300 روپے سستے بیگ کوبھی 1740روپے کے بجائے 1840روپے فی بیگ کی قیمت پر فروخت کررہے ہیں۔انڈسٹری ذرائع کے مطابق ایک کموڈٹی مختلف قیمتوں پر دستیاب ہونے کافائدہ عام صارف کے بجائے ڈیلرز کو حاصل ہوتا ہے ۔ ذرائع نے بتایاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت فیڈ گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرکے تمام فرٹیلائزر پلانٹس کو یکساں قیمتوں پر کھاد فروخت کرنے کا پابند کرے تاکہ کسان حکومتی فیصلوں کا فائدہ اٹھا سکیں۔