پاک فضائیہ نے جے ایف 17تھنڈر ملٹی رول لڑاکا طیارے سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ملکی ساختہ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ اس سے جے ایف تھنڈر کو دن رات میں کسی بھی وقت طویل فاصلوں کے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت حاصل ہو گئی ہے‘ دوسرے یہ کہ تھنڈر طیارے کے اپ گریڈ ہونے سے پاک فضائیہ کی دشمن کے خلاف اپنا دفاع کرنے کی صلاحیت بھی بڑھ گئی ہے۔ تھنڈر طیارے سے دور مار میزائل کا کامیاب تجربہ نہ صرف پاکستان کی مسلح افواج بلکہ پوری قوم کے لئے بہت بڑی خوشخبری ہے‘ اس سے تھنڈر طیارہ جدید ترین ایف 16طیاروں کا ہم پلہ ہو گیا ہے۔ خطے کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے حوالے سے جو بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے پیدا ہوئی‘ جے ایف 17تھنڈر طیاروں سے دور مار میزائل کا تجربہ علاقے میں طاقت کے توازن کا باعث بنے گا اور اس دشمن کو بھی کان ہو جائیں گے کہ پاکستان اپنے دفاع سے ہرگز غافل نہیں ہے اور وہ دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کامیاب تجربہ سے نہ صرف بھارت بلکہ تمام بڑی طاقتوں پر بھی یہ حقیقت واضح ہو گئی ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ‘اس کے سائنسدان اور انجینئرز دشمن کی طرف سے پیدا کردہ کسی بھی صورتحال میں ملک کا بھر پور دفاع کرنے اور انتہائی کم وقت میں جواب دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔