لاہور (نامہ نگارخصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی نئی جے آئی ٹی کو کام سے روکنے کے حکم امتناعی میں توسیع کردی، عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی دونوں جے آئی ٹیز کی رپورٹس پیش کرنے کا حکم دیدیا ،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمدقاسم خان کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے سماعت کی، عدالت نے نئی جے آئی ٹی بنانے کے حوالے سے کابینہ کی منظوری کا ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کردی، عدالت نے جے آئی ٹی کی تشکیل کیلئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو بھجوائی گئی سفارشات کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا،عدالت نے کہا کہ یہ بات ذہن میں رکھیں کہ عدلیہ کمزور نہیں ہے ، دستاویزات پیش نہ کرنے پرچیف سیکرٹری سمیت دیگر افسروں کو طلب کیا جائے گا،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب مشتاق موہل نے عدالت کو ریکارڈپیش کرنے کی یقین دہانی کرائی، انہوں نے کہابیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبادلوں کی وجہ سے ریکارڈ دستیاب نہیں ہوسکا،عدالت متعلقہ ریکارڈ فراہم کرنے کیلئے مہلت دے ، عدالت نے درخواستوں پر سماعت 14 جنوری تک ملتوی کردی۔