اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی)جمعیت علماء اسلام (ف) کی جانب سے حکومت مخالف تحریک کے سلسلہ میں اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں پی کے میپ کے کارکنوں نے بھی شرکت کی ۔مظاہرے کی قیادت جے یو آئی اسلام آباد کے امیر مولانا عبدالمجید ہزاروی نے کی جبکہ پی کے میپ اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری حاجی عبدالقیوم خان اچکزئی نے نمائندگی کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے عبدالمجید ہزاروی نے کہا کہ ہمارا احتجاج آزادی مارچ کاتسلسل ہے اورجو اس وقت تک جاری رہے گاجب تک موجودہ نا اہل حکمرانوں سے قوم کونجات نہیں مل جاتی۔ حاجی عبدالقیوم خان اچکزئی نے کہا کہ ہمارا احتجاج ملک کی عوام کیلئے ہے ،عمران خان نے وزیر اعظم بننے سے پہلے قوم کیساتھ جو وعدے کئے تھے ان پرعمل نہیں کیا۔ لوگوں کو گھر دینے کے بجائے انکے سر سے چھت چھین لی گئی ۔ روزگار دینے کی بجائے چھینا جا رہا ہے ۔ ملک میں مہنگائی اوربے روزگاری کا طوفان بڑھتا جارہا ہے ۔بعدازاں مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے ۔