لاہور ( سٹاف رپورٹر ) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی صدرپیر اعجاز احمد ہاشمی کی زیر صدارت مجلس شوریٰ کے اجلاس میں اپوزیشن کے آزادی مارچ میں بھرپور شرکت کرنے کا فیصلہ کیا گیااور تنظیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کراچی سے 27 اکتوبر کو شروع ہونے والے مارچ میں اسلام آباد تک ہر سطح پر شمولیت اختیار کی جائے گی ۔اجلاس میں قرار دیا گیا کہ موجودہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے ۔ 25 جولائی 2018 کو ہونے والے انتخابات میں بدترین دھاندلی کرکے تحریک انصاف کو اقتدار میں لایا گیا۔اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ احتساب انتقام بن چکا ہے ۔نیب کو سیاسی وابستگیاں تبدیل اور سیاسی مخالفین کو دبانے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیر اعجاز ہاشمی نے واضح کیا کہ آزادی مارچ جمہوریت پسند ہر سیاسی کارکن او ر عوام کے دل کی آواز ہے ۔ حکومت کے خلاف تمام اپوزیشن جماعتوں کو متحد ہونا چاہیے ۔ چند جماعتیں حکومتی زبان بول کر خود اپنے موقف کی نفی کر رہی ہیں۔جے یو پی عوام کے ترجمانی کرتے ہوئے نظام مصطفی کے نفاذکی جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔اور اس کے لیے اکابرین اہل سنت کی پالیسی کے مطابق سیاسی عمل کا حصہ رہیں گے ۔اجلاس میں صاحبزادہ شاہ اویس نورانی، پیر محفوظ مشہدی، مولانا نور احمد سیال ،مولانا محمد عباس قادری، حاجی محمد فیاض خان، مولانا سردار محمد خان لغاری ،ڈاکٹر جاوید اختر،مولانا عبدالحکیم انقلابی، اور دیگر رہنماوں سمیت ضلعی صدور اور سیکرٹری بھی شریک ہوئے ۔