لاہور(قاضی ندیم اقبال)حج2021 کی تیاریاں شروع۔ وزارت مذہبی امور، حج و بین المذاہب ہم آہنگی نے صوبائی حکومتوں کو مراسلہ جاری کر دیا۔ ذرائع کے مطابق کورونا وبا کے پھیلائو کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے رواں برس 2021میں بھی سعودی حکام محدود پیمانے پر حج کروانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس ضمن میں پاکستان سمیت دیگر مسلم ممالک کو باضابطہ طو پر آگاہ کیا جا چکا ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور حکومت پاکستان کی جانب سے پنجاب، سندھ، خیبر پختونخواہ ، بلوچستان کے ساتھ ساتھ ریاست آزاد جموں کشمیر ، گلگت بلتستان کے ساتھ ساتھ وفاقی اداروں، وفاقی وزارتوں کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا گیا ہے کہ حسب سابق رواں برس عازمین حج کی حجاز مقدسہ میں معاونت کرنے اور ان کی بھرپور خدمت کی غرض سے معاونین حج کو سعودیہ بھجوایا جائے گا۔ لہذا ضروری ہے کہ اپنے تحت کام کرنے والے وفاقی اداروں، صوبائی اداروں، خود مختار اداروں کے ملازمین میں سے ناموں کاانتخاب کر کے وزارت مذہبی امور کو بھجوائے جائیں۔ تاکہ قواعد و ضوابط کی روشنی میں معاونین حج کے طور پر انہیں حج آپریشن2021 شروع ہونے سے قبل انہیں سعودی عرب بھجوایا جا سکے ۔