کوئٹہ(سٹاف رپورٹر) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ تاریخی ملین مارچ نے ثابت کر دیا کہ بلوچستان کے عوام جمعیت کے ساتھ ہیں، ملک کی تمام سیاسی جماعتیں حکومت کا استعفیٰ اور نئے شفاف انتخابات چاہتی ہیں، کوئی ہمیں نہ سکھائے ، جمہوریت کی تشریح سیاستدانوں کا کام ہے ۔ کوئٹہ میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما سید علائو الدین آغا کے 2ہزار ساتھیوں سمیت جے یو آئی میں شمولیت پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہا کہ ملک بھر میں سازش کے تحت جعلی انتخابات کرائے گئے ، بلوچستان میں ہمیشہ جمعیت کامیابی سے ہمکنار ہوتی رہی مگر اس مرتبہ اقتدار ایسی پارٹی کے حوالے کیا گیا جس کا بلوچستان میں وجودتک نہیں تھا، اگر اس طرح جعلی مینڈیٹ کے لوگوں کو عوام پر مسلط کیا جاتا رہا تو پھر پاکستان ترقی کرے گا نہ بلوچستان۔ انہوں نے کہا کہ یہ جمہوری حکومت نہیں بلکہ ملک میں غیر علانیہ مارشل لا ہے ۔یہ کیسا احتساب ہے کہ ججوں کا ہاتھ مروڑ کر ان سے مخالفین کے خلاف فیصلہ لیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ فوج اور دیگر ادارے اس ملک کے ادارے ہیں ان سے ہمارا کوئی جھگڑا نہیں لیکن ان کو چلانے والوں کی پالیسیوں سے اختلاف ہے ۔