دبئی(نیٹ نیوز)حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے اپنے خیراتی ادارے کے ذریعے امدادی خوراک تقسیم کرنے کی مہم میں مزید دس ممالک کو شامل کرنے کا اعلان کیا ہے ۔اس مہم کے تحت دس کروڑ کھانے تقسیم کیے جارہے ہیں۔محمد بن راشد آل مکتوم ہیومینٹیرین اور چیریٹی اسٹیبلشمنٹ (ایم بی آرسی ایچ) کے ایک بیان کے مطابق جن مزید ممالک کو اس مہم میں شامل کیا گیا ہے ،ان کے نام یہ ہیں: بینن ، سینی گال، قزاقستان ،ازبکستان ، تاجکستان ، افغانستان ،کرغیزستان، نیپال ، کوسوو اور برازیل۔ یواے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق دس کروڑ کھانے تقسیم کرنے کی اس مہم کواب دنیا کے 30 ممالک تک توسیع دے دی گئی ہے۔ اور ان میں سے 17 ممالک میں برسرزمین کھانے تقسیم کرنے کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد نے 11 اپریل کو اس مہم کا آغاز کیا تھا۔اس کا مقصد رمضان المبارک کے دوران میں مشرق اوسط ، ایشیا اور افریقا کے 20 ممالک سے تعلق رکھنے والے ضرورت مند افراد اور خاندانوں کو کھانے کی اشیاء پر مشتمل پارسل مہیا کرنا تھا۔اب اس مہم میں مزید دس ممالک کو شامل کرلیا گیا ہے ۔