کراچی،لاہور ( سٹاف رپورٹر،این این آئی ) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے پی ٹی آئی حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے 25 سال اس لئے جدوجہد کی کہ ہر پاکستانی کو پونے دولاکھ روپے کے حکومتی قرضے کے بوجھ تلے دباسکیں، میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری بیان میں بلاول نے کہا کہ قرضوں کے خلاف ڈرامہ مہم کرکے پی ٹی آئی حکومت اب تک 33 ارب ڈالر سے زائد کا غیرملکی قرضہ لے چکی ہے ،قرضوں کے سود کی وجہ سے تنخواہوں کی ادائیگی کے بعد ترقیاتی بجٹ تو درکنار دفاعی بجٹ کے لئے بھی حکومت کے پاس پیسے نہیں ہوں گے ، عمران خان کی حکومت کے شاہانہ اخراجات 28 سالہ ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ ہوچکے ہیں، حکومت سخت شرائط پر قرضے لے کر اپنی آمدنی سے 10 کھرب روپے زیادہ خرچ کرچکی ہے ، حکومت کے نو ماہ میں ڈھائی کھرب روپوں پر مشتمل ملکی خزانے کا 82 فیصد حصہ قرضوں کی ادائیگی میں صرف ہوچکا ہے جبکہ بلاول نے سینئر رہنما راجہ پرویز اشرف کو وسطی پنجاب میں تنظیم نو کے لئے چیف آرگنائزر مقرر کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ پارٹی کی تنظیم نو کے حوالے سے تمام سینئر پارٹی کارکنان اور سابق عہدیداران سے مشاورت کرکے اپنی سفارشات بھیجیں۔