اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ اپریل کے آخر تک کورونا وائرس کے روزانہ 25ہزار ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی جائے گی۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ کورونا وائرس سے مقابلے کے لئے ٹیسٹنگ بنیادی اہمیت رکھتی ہے ، اس پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، پہلے 700سے 800 ٹیسٹ روزانہ کئے جارہے تھے اور اب اسے 2 ہزار یومیہ کرلیا گیا ہے ، گزشتہ روز 3 ہزار ٹیسٹ کئے گئے ،مزید ٹیسٹنگ مشینیں لائی جارہی ہیں، حکومت نے ہدف متعین کیا ہے کہ اپریل کے آخرتک روزانہ 25 ہزار ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی جائے گی،احساس پروگرام کے ذریعے 1 کروڑ 20 لاکھ خاندانوں تک 12 ہزار روپے پہنچانے کی تیاری کرلی گئی ہے اور 9 اپریل سے 40 لاکھ خاندانوں تک 16 ہزار 923 تقسیم کے پوانٹس کے ذریعے رقم کی فراہمی کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔ انہو ں نے کہا کہ پہلے طبی عملے کے لئے حفاظتی سامان صوبوں کو دیا جارہا تھا تاہم جمعرات سے وفاق یہ سامان اور آلات براہ راست ہسپتالوں تک پہنچائے گا، اس کے لئے ملک کے ایسے 400 ہسپتالوں کی نشان دہی کی گئی ہے جہاں وینٹی لیٹر دست یاب ہیں ، ان میں 153 ایسے ہسپتال بھی شامل ہیں جہاں پانچ سے زیادہ وینٹی لیٹر موجود ہیں۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ صوبوں کے بعض نمائندوں کی جانب سے شکایت کی جارہی ہے کہ وفاق انہیں فنڈز فراہم نہیں کررہا، یہ واضح رہنا چاہئے کہ وفاق طبی عملے کو سامان کی فراہمی، ایک کروڑ سے زائد خاندانوں کی مالی معاونت اور یوٹیلیٹی سٹورز وغیرہ کے ذریعے ہی مدد کرے گا ،براہ راست رقوم فراہم نہیں کی جائیں گی۔معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات کی شرح 1.4ہے ، پاکستان میں اب تک 54 افراد انتقال کرچکے ہیں، جبکہ کورونا کے تشویشناک 28 مریض ابھی آئی سی یو میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں کورونا کی کٹس لاکھوں میں دستیاب ہوں گی جبکہ لیبارٹریز کی تعداد 32 اور پھر40 تک لے جائیں گے ۔