اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر ،این این آئی) حکومت کی جانب سے تین ارب ڈالرکی مزید فنانسنگ کا پلان عالمی مالیاتی فنڈ کو دے دیا گیا۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق رائز ٹو پروگرام سے 45 کروڑ، اے آئی آئی بی اور کمرشل بینکوں سے 1 ارب ڈالر قرض ملے گا۔ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف کے درمیان فنانسنگ پر بات چیت جاری ہے ۔حکام کی جانب سے آئی ایم ایف سے درخواست کی گئی ہے کہ معاہدہ ہوجائے تو فنانسنگ کا انتظام آسان ہوگا۔ذرائع کے مطابق پہلے آئی ایف ایف معاہدہ ہوگا یا مزید 3 ارب ڈالرکی ضمانتیں درکار ہیں، اس حوالے سے آئی ایم ایف کے جواب کا انتظار ہے ۔ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے قرض پلان پر آئی ایم ایف کی جانب سے ریسپانس ملنے کا انتظار ہے ، جنیوامیں ڈونرز کانفرنس سے رقم حاصل کرنے کا پلان بھی آئی ایم ایف کو دیا گیا ہے ۔خیال رہے متحدہ عرب امارات نے آئی ایم ایف کو پاکستان کیلئے 1 ارب ڈالر فنانسنگ کی تصدیق کردی ہے ۔وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے اب آئی ایم ایف سے سٹاف لیول معاہدہ ہونے میں صرف سعودی عرب کی تصدیق باقی ہے ۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق سعودی عرب سے 2 ارب ڈالرکی فنانسنگ رواں ہفتے متوقع ہے ۔