بنوں،پشاور( بیورورپورٹ ، نمائندہ 92 نیوز ،مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں)پی ڈی ایم جلسے میں بھارت کی زبان بولی گئی ،افغان طالبان کے جھنڈے لہرا دئیے گئے ۔امیر حیدر ہوتی کی تقریر کے دوران ’’لراوبریوافغان ‘‘کے نعرے ،مطلب’’اوپر کابل نیچے پشاور ایک افغان ‘‘ہے ، جلسے میں ریاستی اداروں کیخلاف بھی نعرے لگائے گئے ۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمن سمیت کسی رہنما نے بھی نعروں کو روکنے کی کوشش نہیں کی۔قائد جمعیت علمائے اسلام مولانافصل الرحمن نے بنوں سپورٹس کمپلیکس میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کوسمندرمیں غرق کردیں گے ، پی ڈی ایم نے آزادی، جمہوریت کا راستہ دکھایا ہے آج یہ اجتماع حکومت کیخلاف بغاوت ہے عمران خان کہتے ہیں کہ پی ڈی ایم کیخلاف غداری کے مقدمے چلائیں گے ہم غدار اس کو کہتے ہیں جو عمران کے وفادار ہیں اور جو عمران کے غدار ہیں ملک کے وفادار ہیں،مجھے کہتے ہیں کہ نیب کے سامنے سرنڈر کرنا ہوگا ۔بلوچستان کے مچھ علاقے میں ہزارہ برادری کا قتل عام بد امنی کا سب سے بڑ ا ثبوت ہے اسکی شدید مذمت کرتا ہوں۔ نواز شریف 70 ارب روپے کی سرمایہ کاری لائے ، سی پیک لایا لیکن عمران کو اسلئے لایا گیا کہ پاکستان کی ترقی روکی جاسکے ، اب اداروں کو مداخلت بند کرنا ہو گی ،ہم 19 جنوری کو الیکشن کمیشن آ ف پاکستان کے سامنے مظاہرہ کریں گے اور 21 جنوری کو کراچی میں اسرائیل کو ماننے کیخلاف ملین مارچ کریں گے ۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا مطلب تحریک سے پیچھے ہٹنا نہیں ، جب تمہاری چوری کا پول کھلے گا تو کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہو گے ۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پشتونوں کا جس انداز میں خون بہایا گیا یہ خارجی و داخلہ پالیسیوں کی ناکامی ہے ۔سابق وزیر اعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ عمران کو مسلط کیا گیا ہے ، اٹھارہویں ترمیم کوچھیڑا گیا تو سنگین نتائج بر آمد ہونگے ۔ سردار حسین بابک نے کہا کہ پی ڈی ایم عوام کی حکمرانی یقینی بنا ئے گی ۔ جے یو آئی کے مرکزی جنرل سیکرٹری غفور حیدری نے کہا کہ نام ریاست مدینہ کا لیکن عوام کو بھوکے مرنے پر مجبور کر دیا گیا ۔قومی وطن پارٹی کے صوبائی صدر سکندر خان شیرپائو نے کہا کہ سیلیکٹڈ حکمرانوں اور نا اہل حکمرانوں سے عوام مزید تنگ ہیں، اکرم خان درانی نے کہا کہ بنوں کے غیرت مند عوام نے موجودہ سلیکٹیڈ حکومت اور جعلی وزیر اعظم کو مسترد کردیا ہے ۔ امیر مقام نے کہا کہ مر یم نواز شریف بیمار تھیں جسکی وجہ سے وہ یہاں پی ڈی ایم جلسے میں نہ آسکیں ان کی طرف سے سلام پیش کرتا ہوں، چینی اور آٹا چوروں کو نہیں چھوڑیں گے انشاء اللہ اس کا حساب لینگے ۔