اسلام آباد(جہانگیر منہاس) وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی 2020ء کا مسودہ فارمولیشن کمیٹی کے پاس بھجوادیا۔ ذرائع نے بتایا کہ رواں سال سرکاری سکیم کے تحت حج اخراجات 5 لاکھ روپے سے تجاوز کر جائیں گے ۔ یوں رواں سال گزشتہ سال کی نسبت حج اخراجات میں45 ہزار روپے کا اضافہ متوقع ہے ۔ گزشتہ سال سرکاری سکیم کے تحت حج اخراجات 4 لاکھ 56 ہزار روپے مختص کئے گئے تھے جبکہ رواں سال سرکاری سکیم کیلئے حج پیکیج پانچ لاکھ روپے سے زیادہ ہو گا۔ ذرائع کے مطابق ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے اور فضائی کمپنیوں کی طرف سے سفری اخراجات میں اضافہ حج پیکیج میں ممکنہ اضافے کی وجہ بتائی جا رہی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ تین سال کی بجائے ایک سال کیلئے ہی حج پالیسی تشکیل دی جا رہی ہے ۔حج اخراجات میں کمی کیلئے حج فارمولیشن کمیٹی نے سر جوڑ لیے ہیں ۔ذرائع کا کہنا تھاکہ حج فارمولیشن کمیٹی حج پالیسی کو حتمی شکل دیکر کابینہ سے منظور کرائے گی۔ ذرائع کے مطابق فارمولیشن کمیٹی کے متعدد اجلاس بلا ئے گئے ہیں لیکن کمیٹی کسی حتمی فیصلے پر متفق نہیں ہو سکی ہے ۔حج اخراجات کو 5 لاکھ روپے سے کم کرنے کیلئے فارمولیشن کمیٹی کے ممبران مختلف پہلوؤں پر غور کر رہے ہیں۔ رکن کمیٹی کا کہنا تھا کہ اگر عازمین حج کو حکومت کی جانب سے سبسڈی دی جائے تو حج اخراجات میں کسی حد تک کمی کی جا سکتی ہے لیکن یہ کام وفاقی حکومت کی پالیسی پر منحصر ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ سرکاری حج سکیم کا پیکیج پانچ لاکھ روپے مختص کئے جانے کے باعث پرائیویٹ سکیم کا پیکیج چھ لاکھ سے شروع ہو کر دس لاکھ روپے تک رکھا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا تھا سرکاری حج سکیم کے تحت عازمین حج کے انتخاب کیلئے کمپوٹرائزڈ قرعہ اندازی ہی کی جائے گی جس میں ناکام رہنے والے خواتین وحضرات پرائیویٹ سکیم کے تحت حجاز مقدس جا سکیں گے ۔