فیصل آباد(گلزیب ملک)حج کے لئے شہریوں کی طرف سے جمع کرائی جانیوالی رقم پر50کروڑ کے قریب منافع بنکوں سے حاصل ہو گیا ہے ،شہریوں کی طرف سے پا نچ کھرب کے قریب رقم بنکوں میں جمع کرائی گئی تھی۔ریکارڈ کے مطابق حج بیت اﷲ کیلئے سر کاری اور نجی بنکوں میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 5 ہزار413 در خواستیں جمع کرائی گئی تھی جبکہ ان در خواستوں کی مد میں مجموعی طور پر 4 کھرب 9 ارب 96 کروڑ 90 لاکھ54 ہزار80 رو پے بنکوں میں جمع کرائے گئے ،بنکوں کی طرف سے وزارت مذہبی امور کی انتظا میہ کو 49 کروڑ 33 لاکھ81 ہزار کی رقم منافع کے طور پر ادا کی گئی ہے ، اس حوالہ سے وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کا کہنا ہے کہ حج پر جانے کے خواہش مند شہریوں کی طرف سے جمع کرائی جانیوالی رقم پر ملنے والے منافع کو حجاج ویلفیئر فنڈ میں جمع کرا دیا گیا جبکہ اس رقم کو مستقبل میں پاکستان اور سعودیہ میں حجاج کے مسائل کو حل کر نے کے حوالے سے خرچ کیا جا ئیگا۔ دوسری طرف وفاقی حکومت کی طرف سے جاری احکامات کے بعد حج منسوخ ہو نے پر بنکوں کی طرف سے شہریوں کو رقم کی واپسی کا سلسلہ شروع کئے جانے کے حوالہ سے اقدامات عمل میں لا ئے جا رہے ہیں۔