اسلام آباد ( جہانگیر منہاس) وزارت مذہبی امور نے حج 2020 ئکے دوران پرائیویٹ سکیم کے تحت حج کمپنیوں کوکوٹہ کی الاٹ منٹ کیلئے نئی شرائط متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ گزشتہ سال کی نسبت سرکاری حج سکیم کی پالیسی 3 سال کیلئے ترتیب دی جا رہی ہے ۔ سرکاری سکیم کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ حج سکیم کیلئے نئی حج کمپنیوں کو کوٹہ کی الاٹ منٹ کی جا ئیگی ،اس سلسلے میں ایک آ ڈٹ فرم کی خدمات حاصل کی جا ئینگی جو کوٹہ کی حامل حج کمپنیوں کی دستاویزات کا جائزہ لے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ نئے حج کوٹہ کے حصول کیلئے کمپنیو ںکی دستاویزات کی مکمل اسیسمنٹ کی جا ئیگی۔ وزارت کے معیار پر پورا اترنے والی نئی حج کمپنیوں کو 80 یا 100 حاجیوں کا کوٹہ فراہم کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق حج کوٹہ کے حصول کیلئے نئی پالیسی میں ایاٹا کی شرط ختم کر دی گئی ہے ۔ جن حج کمپنیوں کی گزشتہ فرم کے ذریعے آڈٹ کرایا گیا تھا ان کمپنیوں کا بھی ازسرے نو جائزہ لیا جائیگا۔ گزشتہ سالوں کے دوران حج کوٹہ کیلئے کمپنیوں کی اسیسمنٹ کرنے والی فرم متنازعہ ہو گئی تھی اور متعدد کمپنیوں کے مالکان نے فرم کے ساتھ مبینہ ملی بھگت کر کے نمبرز لگوا لئے تھے جس پر تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق نئی حج پالیسی کے تحت بھی60 فیصد حاجیوں کا کوٹہ سرکاری سکیم جبکہ40 فیصد پرائیویٹ سکیم کے تحت تقسیم کیا جا ئیگا۔ سرکاری سکیم کیلئے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کی جا ئیگی۔