اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وزراتِ مذہبی امور نے قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات میں حجاج کی جمع رقم پر بینکوں سے سود لئے جانے کا انکشاف کیا ہے ۔قومی اسمبلی وقفہ سوالات میں تحریری جواب میں بتایا گیا کہ حجاج کی رقم پر 2018ء میں 21کروڑ روپے اور گزشتہ 5 سال کے دوران ایک ارب 17 کروڑ روپے کا سود حاصل ہوا۔قرعہ اندازی کے بعد ناکام درخواست گزاروں کو رقم واپس کر دی جاتی ہے ۔وزرات مذہبی امور کا کہنا تھاکہ سود کی رقم حجاج کی ویکسین، ٹریننگ، دواؤں اور میڈیا مہم پر خرچ کی جاتی ہے ۔رحیم یار خان میں تیز گام حادثہ کی پیش کردہ تصفیلات میں بتایا گیا کہ 76 افراد جاں بحق ، 66 زخمی ہوئے ۔ اضافی حکومتی امداد کیلئے وزیراعظم کو سمری بھیج دی گئی ہے ۔ موجودہ حکومت کے دور میں ادویات کی قیمتوں میں 2بار اضافہ کیاگیا ہے ۔نوجوانوں میں 13فیصد سے زیادہ لڑکے اور 6.6 فیصد لڑکیاں تمباکو استعمال کرتی ہیں۔ پہلی صحت پالیسی کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے اور اسکی نیشنل ایکشن پلان کے ساتھ منظوری دی گئی ہے ۔ وزارت صنعت و پیداوارنے تحریری جواب میں ایوان زیریں کو بتایا ہے کہ پاکستان سٹیل ملز میں 9 ہزار 477 ملازمین کام کر رہے ہیں۔مالی مشکلات کے باعث 2013ء سے ریٹائرڈ افراد کو ادائیگیاں نہیں کی جا سکیں۔ وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے تحریری جواب میں بتایا کہ عالمی ماہرین نے متفقہ طورپر 5000سی ایف ایس پانی روزانہ سمندر میں گرانے کی سفارش کی۔ وزارت آبی وسائل نے نئے ڈیموں کی تعمیر کو مسئلہ کا حل قرار دے دیا ۔ملک بھر میں اس وقت 470چھوٹے بڑے درمیانے آبی ذخائر موجود ہیں ۔