لاہور( کلچرل رپورٹر) پاکستان ٹی وی و فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ سجل علی نے گزشتہ روز اپنی 26 ویں سالگرہ اپنے ہونے والے سسرال کے ساتھ منائی ۔ احد رضا میر کی والدہ اور سجل کی ہونے والی ساس ثمرہ رضا میر نے سجل کے لیے انسٹاگرام پر پیار کا اظہار کرتے ہوئے سالگرہ کی مبارکباد دی۔انہوں نے سجل کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’دنیا تمہاری وجہ سے ایک بہتر جگہ بن گئی ہے ‘‘۔ جواب میں سجل نے بھی اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی اپنی زندگی میں موجودگی کو رحمت سمجھتی ہیں۔احد رضا میر نے بھی منگیتر سجل کے لیے مختصر مگر پیار بھرا ایک پیغام شیئر کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ’’تم آج، کل اور ہمیشہ سے میری پسند ہو‘‘۔ احد کی جانب سے شیئر کئے گئے اس پیغام سے مداح خوب محظوظ ہورہے ہیں ۔واضح رہے کہ سجل علی انسٹاگرام پر بہت زیادہ فعال ہیں ان کے چاہنے والوں کی تعداد انسٹاگرام پر 2.8 ملین (28 لاکھ سے زائد)ہے ۔