اسلام آباد، پشاور(92 نیوز،این این آئی، مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب میں کوئی ترمیم نہیں ہونی چاہیے ،مریم کی بات سے اتفاق کرتا ہوں۔شیخ رشید نے کہا مریم نوازاپنے لیے پارٹی اور خاندان کیلئے مسائل پیدا کررہی ہیں ،مسئلوں پر پٹرول نہ ڈالیں ،حل کرنے کی کوشش کریں ،سب کے خلاف علم بغاوت بلند کریں گے تو کیا ہو گا۔ وزیرداخلہ نے کہا جسٹس عظمت اپنے عمل سے ثابت کریں گے کہ غیر جانبدار ہیں،ممکن ہے ایف آئی اے بھی اس میں کوئی کرداراداکرے ،حدیبیہ پیپر مل ،سرے محل ان کے گلے پڑ جائے گا،جسٹس عظمت پر شکایات ہیں تو کیا جسٹس قیوم کو لگائیں۔دریں اثناوزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ایک انٹرویو میں کہا کہ قوم مشکلات کے باوجود عمران خان کو بہتر سمجھتی ہے ، وہ کسی صورت این آر او نہیں دیں گے ، موجودہ اپوزیشن سے عمران خان کو کوئی خطرہ نہیں، وزیراعظم کہیں نہیں جارہے عوام کو ان پر اعتماد ہے ، وزیراعظم ایک بیانیہ لے کر بیٹھے ہیں اور میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں میں سینٹ انتخابات کے لیے بھاؤ تاؤ چل رہا ، وزیراعظم اسی لیے اوپن بیلٹ انتخابات کے لئے آئینی ترمیم لارہے ہیں۔علاوہ ازیں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت صوبے میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق اجلاس وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ہوا۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ، وفاقی سیکرٹری داخلہ، صوبائی سیکرٹری داخلہ اور انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے برقرار رکھنے اور مزید بہتر بنانے کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا، ضم اضلاع سمیت صوبہ بھرمیں امن و امان کا قیام حکومت کی سب سے اہم ترجیح اور اولین ذمہ داری قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت اس مقصد کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔ صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت اس سلسلے میں صوبائی حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کیلئے صوبائی اور وفاقی حکومت کے متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر اور موثر کوآرڈی نیشن پر اتفاق کیا گیا۔